ایمز ٹی وی (کراچی ) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانا ت محمد عمران خان چشتی نے انٹر بورڈ میں اجلاس کی صدارت کی جس میں طے کیا گیا کہ انٹر سائنس ،آرٹس اور کامرس گروپ کے ضمنی امتحانات 23 نومبر سے ہوں گے ،اجلاس میں قائم مقام سیکر یٹری محمد جعفر،ڈپٹی کنٹرولر محمد دبیر ،سائنس ،آرٹس اور کامرس گروپ کے متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔ناظم امتحانات نے کہا کہ 4 اپریل 2015 سے ٹیبولیشن رجسٹر کی فراہمی کے لیے ریکو زیشن بھجوادی ہے مگر تاحال ٹیبولیشن رجسٹر فراہم نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے گیارہویں جماعت کے نتائج کی تیاری میں دشواری آرہی ہے ۔اجلاس میں قائم مقام سیکر یٹری بورڈ نے بتایا کہ ٹیبو لیشن رجسٹر کی چھپائی کے لیے پبلشر کو دو روز قبل ہی آرڈر دیا گیا ہے ۔ناظم امتحانات نے مز ید کہا کہ 23 نومبر 2015 کو ہونے والے ضمنی امتحانات کے لیے ڈپلیکیٹنگ پیپرز کی فراہمی بھی تا حال نہیں ہوئی جبکہ اس کے لیے بھی دو ماہ قبل ریکو زیشن بھجوادی تھی ۔انہوں نے قائم مقام سیکر یٹری بورڈ محمد جعفر سے کہا کہ ڈپلیکیٹنگ پیپرز کی سپلائی کا فوری بندوبست کیا جائے تاکہ 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے ۔