ایمز ٹی وی (کراچی) ذرائع کے مطابق انسدادی دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے 6 ماہ قبل گرفتار کئے گئے تحریک طالبان جند اللہ گروپ کے 5 ملزمان کو دستی بم حملے، اسلحہ رکھنے اور بھتہ طلب کرنے کے الزامات پر مقدمے کی سماعت کی جبکہ تمام گواہوں اور شواہد کی بناء پر جرم ثابت ہونے پرعدالت کی جانب سے مجرم یاسین عرف عاطف اورعطا الرحمان کو 28،28 سال قید جبکہ مجرم صدام، رفیق الاسلام اور ندیم کو 14،14 سال قید کی سزا کا حکم دے دیا گیا۔ عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد ملزمان نے کمرہ عدالت میں ہلڑ بازی اور شدید نعرے بازی کی جبکہ پولیس نے پانچوں مجرموں کو جیل منتقل کردیا۔ یاد رہے کہ پانچوں مجرموں کو رواں سال 8 مارچ کو کورنگی انڈسٹریل ایریا سے گرفتار کیا گیا تھا جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا۔