ایمزٹی وی(کراچی)محکمہ بلدیات سندھ نے سندھ حکومت کی جانب سے سندھ کے سات اضلاع کی حلقہ بندیوں کی تبدیلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نئی حلقہ بندیوں میں سندھ کی پانچ ٹاون کمیٹیوں کو ختم کر کے یونین کونسلز بنادیا گیا۔ ضلع نوشہرو فیروز میں دو ٹاون کمیٹیاں محبت ڈیرو، بھورٹی‘ ٹاون کمیٹی دبھڑو، ٹاون کمیٹی خانواہن ختم کردی گئیں۔ میرپورخاص کی میونسپل کمیٹی شجاع آباد کو ٹاون کمیٹی بنادیا گیا۔ ڈسٹرکٹ کونسل میرپور خاص میں 9یونین کونسلز کا اضافہ کردیا گیا۔ ضلع بے نظیر آباد، میونسپل کمیٹی سے تین وارڈز کم کر دیے گئے۔ ڈسٹرکٹ کونسل بے نظیرآباد میں دو یونین کونسلز کا اضافہ ہوا۔ میونسپل کمیٹی نوابشاہ سے دیہی علاقے نکال دیے گئے۔ سانگھڑ، میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم سے تین دیہہ کے علاقے نکال دیے گئے۔ حیدرآباد میں میونسپل کمیٹی ٹنڈوجام میں ایک دیہہ کا اضافہ‘ ٹنڈوالہ یار ڈسٹرکٹ کونسل میں ایک یونین کونسل کا اضافہ‘ جامشورو، ٹاون کمیٹی سن میں ایک وارڈ کم اور ٹاون کمیٹی جامشورو میں4وارڈز کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں حیدر آباد ڈویژن کے ضلع بدین کا ذکر گول کردیا گیا۔ بدین کی چار ٹاو¿ن کمیٹی اور چار یونین کونسلوں میں الیکشن ملتوی کیے گئے تھے۔ نئی حلقہ بندیوں کے بعد الیکشن کمیشن ان علاقوں میں ملتوی شدہ الیکشن کی تاریخ دے گا۔ سیکرٹری بلدیات عمران عطا سومرو کے مطابق حلقہ بندیوں میں نئی تبدیلی عدالت عظمی کے حکم پر کی گئی ہے۔