ایمز ٹی وی(کراچی)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کہا ہے کہ کامیاب آپریشن ضرب عضب کے بعد پاکستان میں امن و امان کا قیام عمل میں آیا پاک فوج نے قربانیاں دے کر پاکستان سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا ہے موجودہ حالات سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل ہیں جاپانی سرمایہ کار پاکستان با لخصوص صوبہ سندھ میں ٹرانسپورٹ، انرجی ، زراعت ، انفرااسٹرکچر بحالی سمیت دیگر اہم منصوبوں پر سرمایہ کاری سے فوری منافع حاصل کرسکتے ہیں۔یہ بات انہوں نے جاپان کے قونصل جنرل آکیرااوچی سے بدھ کو گورنر ہاؤس میں الوداعی ملاقات میں کی ۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے جاپانی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تعیناتی کے دوران پاک جاپان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیا ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اوردلچسپی کے باہمی امور سمیت مشترکہ سرمایہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک جاپان دوطرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جاپانی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی استعداد سے بھی بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔