ایمز ٹی وی(کراچی)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی تبدیلی کے لیے ایم کیو ایم کی جانب سے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے رابطے ہوا۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پیپلز پارٹی نے بھی گورنرسندھ کے سیاسی کردار کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سینئر رہنما نے وزیراعظم تک یہ پیغام پہنچایا کہ گورنر سندھ عشرت العباد مصطفی کمال اینڈ کمپنی کی سربراہی میں نئی سیاسی جماعت کی تشکیل میں پس پردہ کردار ادا کر رہے ہیں۔اس لئے گورنرسندھ اب وفاق کے نمائندے نہیں رہےجبکہ پیپلز پارٹی نے بھی گورنر سندھ کے سیاسی کردار اور مصطفی کمال کے ساتھ پس پردہ روابط کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، اس لئے گورنر سندھ کو تبدیل کیا جائے۔
مسلم لیگ ن سندھ کی قیادت بھی گورنر سندھ کی تبدیلی کی خواہش مند ہےاور انہوں نے بھی وزیر اعظم کو بھی یہ باور کرایا ہے کہ سندھ کی بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت صوبہ سندھ میں اپنے نمائندے کا تقرر کرے۔