ایمزٹی وی(کھیل) لارڈز ٹیسٹ کی ناکامی پر انگلش میڈیا اپنی ٹیم پر ہی برس پڑا ، کک الیون کی بیٹنگ لائن کو کمزور قرار دے دیا ، سابق کپتان جیفری بائیکاٹ نے موجودہ قائد ایلسٹر کک اور جو روٹ کی بیٹنگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ مصباح الحق کی شاندار پرفارمنس کے بعد انگلش میڈیا بھی ان کا مداح بن گیا ۔ لارڈز ٹیسٹ کی فتح پر جہاں انگلش میڈیا نے پاکستان ٹیم کی تعریفوں کے پل باندھے ، وہیں انگلینڈ ٹیم پر انگلش میڈیا نے تنقید کے خوب نشتر چلائے ۔انگلش پریس نے ٹیم کی ناکامی کو ناقص بیٹنگ کا شاخسانہ قرار دے دیا ۔ انگلش پریس کے مطابق انگلینڈ الیون میں حکمت عملی کا فقدان تھا ۔ پاکستانی باؤلروں کے سامنے انگلش بیٹنگ لائن بے بس دکھائی دی ۔بلے بازوں کا غیر ذمہ دارنہ رویہ لارڈز ٹیسٹ میں شکست کا سبب بنا اور بیٹسمینوں کی یہ روش سیریز میں مشکلات کو بڑھا سکتی ہے ۔ سابق کپتان جیفری بائیکاٹ نے اپنے کالم میں کپتان ایلسٹر کک اور جو روٹ کو شکست کا ذمہ دار قرار دیا ۔ بائیکاٹ کے مطابق دونوں سینئرز بلے باز جونیئرز کیلئے رول ماڈل نہ بن سکے ۔ سابق انگلش کپتان جیفری بائیکاٹ کا کہنا تھا کہ میزبان ٹیم یاسر شاہ کی لیگ سپن کو بالکل سمجھ نہ پائی۔