ایمزٹی وی (کھیل) انگلینڈ کیخلاف اوول ٹیسٹ میں کامیابی کی بدولت سیریز برابر کر کے پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اپنی پوزیشن کو بہتر بنا سکتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ چوتھا ٹیسٹ پاکستان کیلئے ہی بلکہ خود ان کیلئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ’’مارو یا مرجاؤ‘‘ کی صورتحال میں ان کی ٹیم کو بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ گزشتہ روز قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے بعد مصباح الحق کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ اس میچ میں فتح سیریز برابر کر سکتی ہے جس سے قومی ٹیم کو بہت زیادہ حوصلہ مل جائے گا اور یہ ان کیلئے بھی بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوم ٹیم اپنی کنڈیشنز میں کھیل کا تسلسل قائم کر کے مکمل پراعتماد ہے لیکن انہیں بھی کسی پوزیشن سے کم بیک کرنے کی توقع ہے کیونکہ یہ ’’کرو یا مرو‘‘کی صورتحال والا معرکہ ہے جس کیلئے انہیں بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیریز برابر نہ ہو سکی تو انہیں اپنی قیادت کی کوئی فکر لاحق نہیں ہے کیونکہ ان کے دل میں ایسا کوئی خوف ہوتا تو وہ بہت پہلے ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیتے ۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ ہی نتائج کی فکر میں پڑے بغیر چیلنجز کو قبول کرتے ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مشکل دوروں پر ٹیم کو چھوڑ جانا ان کیلئے آسان نہیں اور اسی وجہ سے وہ اس مشکل دورے پر بھی موجود ہیں اور آسٹریلیا بھی جانا چاہتے ہیں لیکن ٹور کے خاتمے پر دیکھنا ہوگا کہ مستقبل کی کیا پلاننگ ہوتی ہے ۔