ایمزٹی وی(کھیل) پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ون ڈے کی سیریز کا پہلا میچ آج ڈبلن میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر پونے تین بجے شروع ہوگا۔
پاکستان اور آئر لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دو ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج ڈبلن میں کھیلا جائے گا، ٹیسٹ سیریز میں ٹیم مصباح کا امتحان ختم ہوا، اب اظہر الیون کی باری ہے ، گرین شرٹس انگلینڈ کیخلاف بڑی ون ڈے سیریز سے قبل آج آئرلینڈ کی چھوٹی لیکن سخت ٹیم کیخلاف دو ایک روزہ میچز کی سیریز میں ان ایکشن ہو گی ۔ دونوں ٹیمیں ڈبلن کے مالا ہائیڈ سٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی، پاکستان کو آئرلینڈ پر واضح برتری حاصل ہے۔
ماضی کی تلخ یادیں اب بھی پاکستان کے ہوش اڑادیتی ہیں، دوہزار سات کے عالمی کپ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو زیر کیا تھا، شاہین کسی صورت آئرلینڈ کی ٹیم کو تاریخ دہرانے کا موقع دینے کے موڈ میں نہیں ہیں۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان اب تک کھیلے گئے چھ میچز میں آئرلینڈ صرف ایک میں کامیاب رہا، چار میچز میں گرین شرٹس فاتح رہے، پہلی مرتبہ دونوں ٹیمیں دو ہزار سات کے ورلڈکپ میں آمنے سامنے آئیں، جس میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، دو ہزار گیارہ میں پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو ون ڈے کھیلے گئے ، دونوں ون ڈے میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی، دو ہزار تیرہ میں بھی پاکستان اور آئرلینڈ نے دو ون ڈے کھیلے، پاکستان کو ایک ون ڈے میں کامیابی ملی جبکہ دوسرا میچ بے نتیجہ رہا، آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں دو ہزار پندرہ کے ورلڈکپ میں مدِ مقابل آئیں، جس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔
دونوں ٹیموں دوہزار پندرہ ورلڈ کپ کے بعد ایکشن میں ہوں گی، آئرلینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچز کے بعد پاکستان چوبیس اگست سے انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کھیلے گا۔