ھفتہ, 23 نومبر 2024


رنز کے طوفان میں سارے ریکارڈز بہ گئے

ایمز ٹی وی (کھیل) تیسرے ون ڈے میں رنز کے طوفان میں کئی ریکارڈزغرق ہوگئے، موافق کنڈیشنز نے انگلش بیٹسمینوں میں بجلیاں بھردیں، چھکوں اور چوکوں کی برسات میں پاکستانی بولرز بے بسی کی تصویر بنے رہے، میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں صرف 3 وکٹ پر ورلڈ ریکارڈ 444 رنز جڑ دیے۔ تفصیلات کے مطابق تیسرے ون ڈے میں انگلش کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،اوپنرز نے 33 رنز کا آغاز فراہم کیا، حسن علی نے چھٹے اوور کی دوسری گیند پر جیسن روئے(15) کو وکٹوں کے پیچھے سرفرازاحمد کا کیچ بنواکر پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی۔ اس کے بعد ہیلز اور روٹ نے پاکستانی بولرز اور فیلڈرز کی ناقص کارکردگی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے آسانی سے رنز بٹورے، محمد نواز اور یاسر شاہ کے اوورز میں بیٹسمین ذرا تحمل سے کھیلے لیکن اظہر علی نے وہاب ریاض کو متعارف کرا دیا، ہیلز نے ان کا 2چوکوں سے استقبال کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی،میزبان ٹیم نے 100کا سنگ میل 18ویں اوور میں ہی عبور کرلیا،اوپنر نے 5اوورز میں صرف 11رنز بنانے والے محمد نواز پر بھی ہاتھ کھولتے ہوئے چوکے چھکے سمیت 13رنز جڑ کر ان کا اعتماد ختم کردیا،انھیں 72پر ایک موقع ملا،وہاب ریاض کی گیند پر کیچ ہوئے تو وہ نو قرار پائی، اننگز کا 23 واں اوور کپتان اظہرعلی نے خود کرنے کا فیصلہ کیا جس میں ہیلز نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز حاصل کیے اورکیریئر کی چوتھی سنچری صرف 83گیندوں پر مکمل کرلی، روٹ نے ففٹی کا سنگل میل 58گیندوں پر عبور کیا، الیکس ہیلز کو دوسرا موقع اظہر علی کے ڈراپ کیچ نے 114پر دیا، بدقسمت بولر یاسر شاہ تھے۔ انگلینڈ کے 200رنز 30ویں اوور میں مکمل ہونے کے بعد بولرز کی مزید شامت آگئی،وہاب ریاض کی خاص طور پر بھرپور پٹائی ہوئی،پیسر کے ایک اوور میں 15اور دوسرے میں 14رنز بنے،حسن علی کی الیکس ہیلزکیخلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد ہوئی تو پاکستان نے ریویو لیا جس کا کوئی فائدہ نہ ہوا، پیسر نے اسی اوور کی آخری گیند پر اسی انداز میں ان کی میراتھن اننگز171پر تمام کردی،یوں دوسری وکٹ کیلیے 248رنز کی شراکت ختم ہوئی،اگلے اوور میں محمد نواز نے جوئے روٹ(85) کو سرفراز احمد کی مدد سے آؤٹ کیا، جوز بٹلر نے زیادہ گیندیں ضائع کرنے کے بجائے آتے ہی مار دھاڑ شروع کردی، انھوں نے محمد نواز کو 2 چھکے جڑے، مورگن نے ایک چھکا لگایا۔ اس اوور میں 20رنز بنے، میزبان ٹیم نے 300کا ہندسہ 40ویں اوور میں پار کیا، جوز بٹلر نے شعیب ملک کی 4گیندوں کو فضائی روٹ سے باہر بھیجنے کے ساتھ 26رنز بٹورے اور اپنی ففٹی صرف 22گیندوں پر مکمل کرلی،ایون مورگن کا 12پر یاسر شاہ نے کیچ ڈراپ کرکے وہاب ریاض کو وکٹ سے محروم کیا،کپتان نے بعد ازاں محمد عامر کو ایک چھکے اور2 چوکوں سمیت 18رنز جڑ دیے،پیسر نے جوز بٹلر کو 75پر بولڈ کیا تو امپائر نے نوبال کا اشارہ کردیا،اس کے بعد بھی بولرز کو سکھ کا سانس لینا نصیب نہ ہوا، انگلینڈ نے 444کا ریکارڈ مجموعہ تشکیل دیا، بٹلر 90اور مورگن 57پر ناقابل شکست رہے، حسن علی نے 74رنز کے عوض 2وکٹیں لیں، محمد نواز نے 62رنز کے بدلے ایک شکار کیا، یاسر شاہ کو6اوورز میں 48رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی، وہاب نے 110اور عامر نے 72رنز دیے اور وکٹ کو ترستے رہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment