ایمزٹی وی(کھیل) ارجنٹائن کےاسٹار فٹبالر لیونل میسی زخمی ہونے کے بعد سنہ 2018 کے فٹبال کے عالمی کپ کے کوالیفائر میچ سے باہر ہو گئے.
تفصیلات کے مطابق میسی نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان واپس لینے کے بعد جمعرات کو یوراگوائے کے خلاف گول کر کے جنوبی امریکہ کے کوالیفائنگ گروپ میں ارجنٹائن کو پہلے نمبر پر پہنچا دیا تھا.
اس میچ کے بعد میسی نے کہا تھا ’ان کے زخم کی وجہ سے انھیں بہت درد ہو رہا ہے۔‘
ارجنٹائن کے فٹبال کوچ کا اس حوالے سے کہنا تھا ’ میسی کھیل نہیں سکیں گے۔ ہم کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ ہمیں میسی کا بہت خیال رکھنا ہو گا.
روس میں کھیلے جانے والے سنہ 2018 کے فٹبال کے عالمی کپ کے 18 میں سے سات کوالیفائنگ مقابلوں میں ارجنٹائن یوراگوائے، کولمبیا، ایکواڈور اور برازیل کے مقابلے میں پہلے نمبر پر ہے.
یاد رہے کہ میسی نے رواں سال 27 جون کو کوپا امریکہ کے فائنل میں اپنی ٹیم کی چلی کے ہاتھوں شکست کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا.
انہوں نے گذشتہ ماہ اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا تھا جس کے بعد انھیں ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے ارجنٹائن کے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا تھا.