ھفتہ, 23 نومبر 2024


مکی آرتھر کا اہم اعلان

ایمز ٹی وی (کھیل) ون ڈے ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کوچ مکی آرتھر نے ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی کمزوریوں کا علم ہے لیکن مسائل چند دنوں میں حل نہیں کیے جا سکتے۔ ہیڈنگلے میں انگلینڈ سے مسلسل چوتھے ون ڈے میں شکست کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کا عندیہ دیا ہے جس کے بعد موجودہ اسکواڈ کے کچھ کھلاڑیوں کا مستقبل غیریقینی نظرآنے لگا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مکی آرتھر نے کہا کہ مجھے یہ بات کہتے ہوئے بالکل اچھا محسوس نہیں ہوتا لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں نویں نمبر پر ہے،مجھے اسکواڈ کی تمام کمزوریوں کا علم ہے تاہم مسائل حل کرنے کیلیے وقت درکار ہوگا، انہوں نے کہا کہ جلد بازی سے کام نہیں لیں گے کیونکہ تکنیکی مسائل چند دنوں میں ٹھیک نہیں ہو سکتےالبتہ مستقبل میں بہتر ٹیم بنانے کیلیے کرکٹرز پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے، ان میں سے کئی ایسے پلیئرز کی صلاحیتوں کا اندازہ بھی ہو گیا جن پر مزید محنت کی جا سکتی ہے۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیسٹ کے بالکل برعکس پاکستان کی ون ڈے ٹیم اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے لیکن ہمیں اپنی کمزوریوں کا نہ صرف احساس بلکہ یہ بھی معلوم ہے کہ ان کو دور کرنے کیلیے کیا کرنا ہوگا، ایک بات بالکل واضح ہے کہ اس وقت ہمارے پاس تیز آغاز فراہم کرنے والے نہ ہی میچ کے آخر میں فتح دلانے والے کرکٹرز موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورہ انگلینڈ کے اختتام پر فیصلہ ہوگا کہ کس کھلاڑی کو ساتھ لے کرچلنا ہے اورکون ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے گا،اس حوالے سے ٹیم کے چیف سلیکٹر انظمام الحق سے بھی تفصیلی بات ہوئی ہے میری انظی کے ساتھ اچھی تال میل ہے مکی آرتھر نے مستقبل کے پلان سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ درست سمت میں گامزن ہونے کے لیے ویسٹ انڈیز سے یواے ای میں ہونے والی سیریز اہم ہوگی جس سے مستقبل کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا،اس کے بعد آسٹریلیا کے مشکل ٹور کیلیے خود کو ذہنی اور جسمانی طورپر تیار کرنا ہوگا، ٹیم کی بہتری اور کارکردگی میں اضافے کے لیے کوچ نے کہا کہ پوری کوشش کریں گے کہ ہرشعبے کے لیے اسپیشلسٹ کھلاڑی تیارکریں جو اپنے کردار سے انصاف کرنے کی پوری اہلیت رکھتے ہوں،اولین ہدف اننگز کا اچھا آغاز کرنے والے اور میچ کے فیصلہ کن لمحات میں فتح کا سفر مکمل کرنے کی صلاحیتوں سے مالامال پلیئرزتیار کرنا ہیں آخر میں مکی آرتھر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگلے برس چیمپئنزٹرافی تک بہترکمبی نیشن بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment