ھفتہ, 23 نومبر 2024


ایشین چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا

ایمز ٹی وی (کھیل) ایشین ہاکی فیڈریشن نے ایشین چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا، ایونٹ20 سے 30 اکتوبر تک ملائیشیا میں کھیلا جائیگا جس میں پاکستانی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی، گرین شرٹس ٹائٹل کی دفاعی مہم کا آغاز 20 اکتوبر کو ملائیشیا کے خلاف کریں گے۔

روایتی حریف بھارت سے معرکہ آرائی23 اکتوبر کو ہوگی، قومی ہیڈ کوچ خواجہ محمد جنید ایونٹ کی تیاریوں سے مطمئن ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ٹائٹل کے دفاع کیلیے تیاریاں درست سمت میں جاری ہیں، امید ہے کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے سبز ہلالی پرچم لہرائیں گے، تفصیلات کے مطابق اے ایچ ایف کی طرف سے آئندہ ماہ ملائیشیا میں ہونے والے ایشین چیمپنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، پاکستانی ٹیم2مرتبہ ٹائٹل جیت کر ایونٹ کی سب سے کامیاب ترین ٹیم ہے، گرین شرٹس نے پہلی بار2012 دوحا میں شیڈول ایونٹ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 4کے مقابلے میں5گول سے زیر کرکے ابتدائی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، 2013میں جاپان میں منعقدہ ایونٹ میں ٹرافی کیلیے میزبان ٹیم کو3-1 سے ہرایا تھا، اے ایچ ایف کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق30 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ایشیا کی ٹاپ6 ٹیمیں ٹائٹل کیلیے ایکشن میں دکھائی دیں گی، ان میں میزبان ملائیشیا، دفاعی چیمپئن پاکستان، بھارت، جنوبی کوریا، چین اور جاپان شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 20 اکتوبر کو میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ21 تاریخ کو جنوبی کوریا کے خلاف شیڈول ہے، تیسرے میچ میں گرین شرٹس 23 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے، چوتھا میچ 25 تاریخ کو جاپان جبکہ پانچواں اور آخری میچ 27 اکتوبرکو چین کے ساتھ رکھا گیا ہے، 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کریں گی،مقابلے 29 اکتوبر کو ہوں گے، فائنل 30 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، ادھر ایونٹ کی تیاریوں کے لیے کیمپ کا پہلا مرحلہ ختم ہو چکا اور کھلاڑیوں کو دوبارہ25ستمبر کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، یاد رہے کہ ایشین مینز چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کیلیے ابتدائی مرحلے میں40کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا، بعدازاں پی ایچ ایف کے صدر کی ہدایت کے بعد آرمی کے مزید 5 کھلاڑیوں کو کیمپ کا حصہ بنایا گیا، ادھر پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ محمد جنید کا کہنا ہے کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلیے تیاریاں درست سمت میں جاری ہیں، امید ہے کہ ہم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment