ایمز ٹی وی (کھیل) جنوبی افریقا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں مہمان آسٹریلیا کو 142 رنز سے شکست دے کر 5 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
جوہانسبرگ کے نیو وینڈر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان فاف ڈپلوسی کی سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 361 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 37.4 اوورز میں 219 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو 3 کے مجموعی اسکور پر ایرون فنچ کی صورت خسارے کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد کپتان اسٹیون اسمتھ بھی 14 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، کینگروز کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 51 اور ڈیوڈ وارنر 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں جارج بیلی 9، مچل مارش 19، میتھیو ویڈ 33، جان ہیزٹنگ 23، جوئے مینی ایک اور ایڈم زمپا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کے وین پارنیل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 شکار کئے جب کہ کگیسو رابادا اور فلکیاوو نے 2،2 اور عمران طاہر، جے پی ڈومنی اور ڈیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر پروٹیز کپتان فاف ڈپلوسی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل میزبان جنوبی افریقا کے اوپننگ بلے باز ڈی کوک اور ریلے روسو نے ٹیم کو 70 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تو کوک 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد آنے والے کپتان فاف ڈپلوسی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 93 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 111 رنز بنائے، روسو 75، جے پی ڈومنی 82، ڈیوڈ ملر 26، فرحان بہاردین 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جان ہیزٹنگ نے 3، مچل مارش 2 اور کرس ٹریمن نے ایک وکٹ حاصل کی۔