جمعرات, 21 نومبر 2024


بھارت نے ڈی آر ایس پر موقف میں نرمی کا عندیہ دے دیا 

ایمزٹی وی (کھیل)  بھارت ٹیم آفیشلز کا کہنا ہے کہ تحفظات دور کیے جائیں توہم 100 فیصد بے عیب ٹیکنالوجی کے مطالبے سے پیچھے ہٹنے کو تیار ہیں، دوسری جانب کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے دہائیاں دیتے ہوئے کہاکہ ففٹی ففٹی فیصلے ہمیشہ ہمارے ہی خلاف ہوتے ہیں، تھرڈ امپائر بھی فیلڈ آفیشل کوہی شک کا فائدہ دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت شروع سے ہی ڈی آر ایس کے حوالے سے موقف اختیار کیے ہوئے ہے کہ جب تک ٹیکنالوجی 100 فیصد بے عیب نہیں ہوتی وہ اسے قبول نہیں کرسکتا، آسٹریلیا کے خلاف اب تک ہونیوالے 2 ٹیسٹ میچز میں اپنے خلاف ہونیوالے فیصلوں سے تنگ آ کر اس نے موقف میں نرمی کا عندیہ دیا ہے۔ بھارتی ٹیم مینجمنٹ کے ایک رکن نے کہا کہ ہم اس موقف پر نظر ثانی کرسکتے ہیں لیکن کچھ تحفظات ہیں، انھیں پہلے ختم ہونا چاہیے۔ ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ کلوز فیصلے ہمارے ہی خلاف کیوں ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں دھون، راہنے اور وردھیمان ساہا جبکہ اب برسبین میں چتیشور پجارا اور روی چندرن ایشون کے خلاف متنازع فیصلے ہوئے، اگر ان کو چیلنج کیا جاتا تو یہ بھارت کے حق میں تبدیل ہوسکتے تھے لیکن کپتان دھونی اس بات سے اتفاق نہیں کرتے، انھوں نے کہا کہ ڈی آر ایس سے بھی اہم معاملہ یہ ہے کہ ففٹی ففٹی فیصلے ہمارے حق میں نہیں ہوتے، زیادہ تر ہمیں ہی مایوس رہنا پڑتا ہے، ایسے فیصلوں میں اگر امپائر آئوٹ قرار دے دیتا ہے تو ڈی آر ایس سے بھی ہمیں مدد نہیں ملے گی، تھرڈ امپائر بھی ٹیکنالوجی کو صرف اپنے فیلڈ آفیشل کو درست ثابت کرنے کیلیے استعمال کرتا اور شک کا فائدہ اسے ہی دیا جاتا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment