ایمزٹی وی (کھیل) سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق انگلینڈ سے لاہور پہنچ گئے ہیں اور انھوں نے آتے ہی سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پردوبارہ کام شروع کر دیا ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر نے گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اے اور کینیا کا میچ دیکھا، اس دوران وہ سعید اجمل کی بولنگ کا بغور جائزہ لیتے رہے۔
انھوں نے ایکشن کی ویڈیوز بھی بنائیں، ثقلین مشتاق حفیظ کا ایکشن عالمی قوانین کے مطابق لانے کیلئے بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گے۔ واضح رہے کہ سعید اجمل اور محمد حفیظ پر آئی سی سی کی جانب سے ایکشن درست نہ ہونے کی وجہ سے پابندی عائد ہے۔ اس لئے پی سی بی نے حتمی ٹیسٹ سے پہلے دونوں بولرز کے ایکشن کوبھارتی شہر چنئی میں جانچنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ رواں ماہ کے آخر میں سعید اجمل اور محمد حفیظ کا انگلینڈ میں دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا خواہاں ہے۔ آئی سی سی سے کلیرنس ملنے کی صورت میں دونوں کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے15رکنی حتمی سکواڈ میں شامل کر لیا جائے گا۔