ایمز ٹی وی(اسپورٹس) نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنا لئے ہیں اور اسے مزید 29 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر نے 77 اور ٹام لیتھم نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔
تفصیلات کے مطابق میچ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے جبکہ مزید 29 رنز کا خسارہ باقی ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر نے 77 اور ٹام لیتھم نے 68 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر بلے بازوں میں جیت راوال 16، ولیم سن 2، مچل سینٹنر 29، بی جے واٹلنگ 1 سکور بنانے میں کامیاب ہو سکے جبکہ گرینڈہوم کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ ہینری نکولس 56 اور ٹم ساﺅتھی 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جو تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے بہترین باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور قمر الاسلام رابی نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن مرزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ٹم ساﺅتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچائے رکھا۔ سومیا سرکار، نور الحسن اور شکیب الحسن کے علاوہ کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ صرف 7 کے مجموعی سکور پر گری اور تمیم اقبال 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ 38 کے مجموعی سکور پر گر ی اور محمود اللہ بھی 19 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد سومیا سرکار اور شکیب الحسن نے ذمہ داری بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 127 رنز جوڑ کر مجموعی سکور کو 165 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر سومیا سرکار بھی ہمت ہار گئے اور 86 رنز بنا کر ٹرینٹ بولڈ کی گیند پر گرینڈہوم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ دیگر بلے بازوں میں شکیب الحسن نے 59، صابر رحمان نے 7، نظم الحسین شنتو نے 18، نور الحسن نے 47، مہدی حسن مرزا نے 10، تسکین احمد نے 8، قمرالاسلام رابی نے 2 اور روبیل حسین نے 16 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساﺅتھی اور ٹرینٹ بولڈ نے تباہ کن باﺅلنگ کے ذریعے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو مشکل میں ڈالے رکھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 5 اور 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نیل ویگنر نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔