ایمز ٹی وی(سڈنی) قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ خراب فیلڈنگ میچ میں شکست کا باعث بنی۔ آخری میچ جیت کر سیریز کا اختتام اچھے انداز میں کرنے کی کوشش کریں گے۔
میچ کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ 354 کا ہدف مشکل ضرور تھا لیکن ناممکن نہیں تھا لیکن بدقسمتی سے اسے حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے بہت خرابی فیلڈنگ کی اور مواقع ضائع کئے جس کے باعث اتنا بڑا ہدف ملا جبکہ آسٹریلیا نے بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے اچھا آغاز فراہم کیا۔
ایک سوال کے جواب میں اظہر علی نے کہا کہ ہدف حاصل کیا جا سکتا تھا اور پاکستان کا آغاز بھی اچھا تھا۔ نئی گیند سے زیادہ رنز بنے لیکن جیسے ہی گیند پرانا ہو کر سوئنگ ہونا شروع ہوا تو بیٹنگ مشکل ہو گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر میچ ایک موقع ہوتا ہے اور ہم آخری میچ میں بھرپور کم بیک کرتے ہوئے فتح حاصل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ سیریز کا اختتام اچھے انداز میں کر سکیں