ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ایک ایسا سوال جس کا جواب خود پی سی بی کو بھی نہیں پتا ۔ مصباح الحق کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا کپتان کون ہوگا؟ لیکن اب سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے ایسے شخص کا نام لے دیا ہے کہ اعلیٰ حکام بھی اس پہلو پر سوچنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ یہ آگے بڑھنے کا وقت ہے اس لیے ہمیں مستقبل پر سرمایہ کاری کرتے ہوئے بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانا چاہیے۔ واضح رہے کہ بابر اعظم جو کہ ابھی صرف 22 سال کے ہیں نے تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں آتے ہی جھنڈے گاڑ دیے ہیں اوربہت تھوڑے میچز کھیل کر ہی آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔
بابر اعظم نے اب تک 23 ون ڈے میچز کھیل کر 4 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں بنائی ہیں جبکہ 6 ٹیسٹ میچز میں انہوں نے 2 نصف سنچریوں کی مدد سے 300 رنز سکور کیے ہیں۔ دورہ آسٹریلیا کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پی سی بی کی جانب سے بابر اعظم کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے تاکہ انہیں مستقبل میں آل راﺅنڈر کے طور پر استعمال کیا جاسکے