ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی ) کے ریڈیو اسٹیشنز نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء کی غیر قانونی لائیو کمنٹری شروع کردی جس کیخلاف ایف ایم 107 کی انتظامیہ نے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔
ایف ایم 107 کے چیف آپریشن آفیسر شہزاد قریشی کی جانب سے پی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کے میچوں کی لائیوکمنٹری کے حقوق ایف ایم 107کے پاس ہیں لیکن پی بی سی غیر قانونی طور پر یہ حقوق استعمال کر رہا ہے۔ ہمیں اسوقت شدید دھچکا لگا جب پی بی سی کے پاس حقوق نہ ہونے کے باوجودمختلف ایم ڈبلیو/ اے ایم ریڈیو سٹیشنز پرکرکٹ ورلڈ کپ کے میچوں کی لائیوکمنٹری جاری تھی۔ یہ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ پی بی سی کے اس اقدام نے حکومت کا امیج بھی خراب کیا ہے۔
مراسلے میں انتباہ کیا گیا ہے کہ اگر یہ غیر قانونی لائیوکمنٹری فوری طور پر نہ روکی گئی توہمارے پاس پی بی سی، وزارت اطلاعات، وزراء اورسیکریٹری اطلاعات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے سواکوئی آپشن نہیں ہوگا اگر پھر بھی اسی طرح پی بی سی کے سٹیشنز سے یہ لائیو کمنٹری کی غیر قانونی ٹرانسمیشن جاری رہی تو اپنے حقوق کے حصول کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رجوع کرینگے جس کے نتیجہ میں پی بی سی کو مستقبل میں براڈ کاسٹ کے حقوق حاصل کرنے کے سلسلے میں بلیک لسٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔ مراسلے میں پی بی سی کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے اقدام سے باز رہے جس سے پاکستان کی منتخب حکومت کی بدنامی ہواور آئی سی سی جیسے باوقار عالمی اداروں کے سامنے سبکی کا سامنا کرنا پڑے۔