ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں پہلا ٹاکرا آج شارجہ میں ہو گا۔ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کے فائنل میں یونائیٹڈ نے گلیڈی ایٹرز کو ہراتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں اسلام آباد کی ٹیم ایک میچ میں کامیاب اور ایک میں ناکام رہی ہے، دفاعی چیمپئن نے افتتاحی میچ میں پشاور زلمی کو 7 وکٹ سے ہرایا جب کہ لاہور قلندرز کے ہاتھوں 6 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
کوئٹہ کی ٹیم نے اپنے دونوں میچز جیت رکھے ہیں، گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف 8 رنز سے فتح پائی جب کہ کراچی کنگز کو 7 وکٹ سے ہرایا۔
دوسرے مرحلے میں کل سے شارجہ میں میدان لگے گا، پہلا مقابلہ دفاعی چمپئن اسلام آباد اور کوئٹہ کے درمیان شیڈول ہے۔ اولین ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان تین مقابلے ہوئے جن میں سے دو میں گلیڈی ایٹرز جب کہ فائنل میں اسلام آباد فاتح رہی تھی۔