ایمز ٹی وی (انٹرٹینمٹ)جان سینا اپنی ریکارڈ 16 ویں چیمپئن شپ محض دو ہفتے کے اندر برے وائیٹ کے ہاتھوں ایلیمینیشن چیمبر میں ہار گئے تھے۔ اس کے بعد 14 فروری کو اسمیک ڈاﺅن میں برے وائیٹ نے جان سینا اور اے جے اسٹائلز کے ساتھ مقابلے میں اپنے اعزاز کا دفاع کیا اور اس کی کہانی سامنے آگئی ہے۔ اس میچ سے قبل جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای حکام پر زور دیا تھا کہ برے وائیٹ کے ہاتھوں انہیں چت کرایا جائے۔ اس طرح برے وائیٹ نے ایلیمینیشن چیمبر اور اسمیک ڈاﺅن دونوں جگہ جان سینا کو بغیر کسی دھوکے بازی کے شفاف انداز سے شکست دی۔ ایسا لگتا ہے کہ جان سینا برے وائیٹ کے کیرئیر کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں کیونکہ میچ کے دوران بھی جب شکست کے وقت جان سینا نے چیمپئن کو ' اب تم صحیح معنوں میں چیمپئن سمجھے جاﺅ گے'۔ یہ جان سینا کی جانب سے برے وائیٹ کے لیے خیرسگالی کا حیرت انگیز مظاہرہ تھا کیونکہ اگر وہ چاہتے تھے تو اپنی جگہ اے جے اسٹائلز کو بھی ہروا سکتے تھے یا ایلیمینشین چیمبر میں سب سے آخر میں شکست کھاتے۔ ایسا لگتا ہے کہ جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای سے بتدریج دوری کے دوران اپنے ساتھی ریسلرز کے کیرئیر کو آگے بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔ واضح رہے کہ ریسل مینیا 33 میں پہلے برے وائیٹ اور رینڈی اورٹن کے درمیان مقابلہ متوقع تھا مگر اسمیک ڈاﺅن میں رینڈی اورٹن نے اس سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ اب برے وائیٹ کے ریسل مینیا کے مخالف کا تعین 21 فروری کو اسمیک ڈاﺅن میں ایک بیٹل رائل میں کیا جائے گا جس کے بارے میں افواہیں ہیں کہ وہ وائیٹ فیملی کے سابق رکن لیوک ہارپر جیت جائیں گے اور اس طرح ڈبلیو ڈبلیو ای کے سال کے بڑے ایونٹ میں چیمپئن شپ میچ دو کی بجائے تین ریسلرز یعنی رینڈی اورٹن، برے وائیٹ اور لیوک ہارپر کے درمیان ہوگا۔