اتوار, 24 نومبر 2024


سنسنی خیز مقابلہ، مہمان ٹیم کی لگاتار 12 فتوحات کا سلسلہ ختم

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) نیوزی لینڈ نے روس ٹیلر کی عمدہ سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو دوسرے ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ رنز سے شکست دے کر مہمان ٹیم کی لگاتار 12 فتوحات کا سلسلہ بھی ختم کردیا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ٹالیتھم کی شکل میں انہیں ابتدا میں ہی کامیابی مل گئی جبکہ اسکور 53 تک پہنچا تو دوسرے اوپنر ڈین براؤن لی بھی پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر کیویز کی سب سے تجربہ کار جوڑی روس ٹیلر اور کین ولیمسن وکٹ پر اکٹھے ہوئے اور سنچری شراکت قائم کر کے ٹیم کو اچھے اسکور کیلئے بنیاد فراہم کی۔
ولیمسن 69 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تو چند رنز کے اضافے سے نیل بروم نے بھی واپسی کی راہ لی۔
چار وکٹیں گرنے کے بعد ٹیلر کا ساتھ نبھانے جمی نیشام آئے اور دونوں نے 123 رنز جوڑ کر نیوزی لینڈ کو 289 رنز کے معقول مجموعے تک رسائی دلائی۔
روس ٹیلر نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 102 رنز کی ناقبل شکست اننگز کھیلی جبکہ نیشام نے 71 رنز بنائے۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ابتدا میں ہاشم آملا کی وکٹ گرنے کے بعد سے مستقل مشکلات سے دوچار رہی اور کسی بھی موقع پر کوئی بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہی۔
ایک موقع پر جنوبی افریقہ کی آٹھ وکٹیں 214 رنز پر گر گئی تیں لیکن ڈیوین پریٹوریس نے اندیل فلکوایو کے ساتھ مل کر ایک عمدہ شراکت قائم کی اور اپنی ٹم کو ہدف کے انتہائی قریب پہنچا دیا۔
پروٹیز کو آخری دو اوورز میں فتح کیلئے 20 رنز درکار تھے لیکن ٹرینٹ بولٹ نے عمدہ 49واں اوور کرتے ہوئے تمام چھ گیندیں یارکر کی اور اوورز کی آخری گیند پر پریٹوریس کی مزاحمت 50 رنز پر ختم کردی اور اور اگلے اوور کی آخری دو گیندوں پر چوکے کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوور میں 283 رنز بنا سکی۔
کوئنٹن ڈی کوک57، اے بی ڈی ویلیئرز 45، جین پال ڈومینی 34 اور فلکوایو نے 29 رنز بنائے۔
اس میچ میں چھ رنز سے فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی لگاتار 12 فتوحات کا سلسلہ بھی تمام ہو گیا اور سیریز بھی 1-1 سے برابر ہو گئی۔
روس ٹیلر کو سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment