اتوار, 24 نومبر 2024


آسٹریلین باﺅلرز نے بھارتی سورماﺅں کو ایک بار پھر گیدڑ بنا دیا

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلین باﺅلرز نے بھارت کے کاغذی شیروں کو ”مار مار“ کر ایک بار پھر گیدڑ بنا دیا اور دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف 189 کے اسکور پر ہی پوری بھارتی ٹیم کی بساط لپیٹ دی ہے۔ نیتھن لیون نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی سب سے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے صرف 50 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آسٹریلیا نے بھارت کے 189 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 40 رنز بنا لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چینا سوامی سٹیڈیم بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور صرف 11 کے مجموعی سکور پر ہی اوپنر ابھیناو موکند کھاتہ کھولے بغیر ہی آﺅٹ ہو گئے۔ لوکیش راہول نے سب سے زیادہ 90 رنز بنائے تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو بھرے سٹیڈیم میں شرمندگی سے بچانے میں ناکام رہے۔
118 کے مجموعی سکور پر بھارت کے صرف 4 کھلاڑی ہی آﺅٹ ہوئے تھے لیکن بھارتی ٹیم یہ نہ جانتی تھی کہ ”ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔“ کوئی بھی بھارتی بلے باز آسٹریلوی باﺅلرز کا سامنا کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری ٹیم صرف 189 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔
بھارت کی جانب سے چتیشور پجارا نے 17، ویرات کوہلی 12، اجنکیا راہانے 17، کرون نائیر 26، روی چندرن ایشوین 7، وریدھیومن ساہا 1 جبکہ رویندرا جدیجہ 3 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے جبکہ اومیش یادیو اور ایشانت شرما کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے کیرئیر بیسٹ باﺅلنگ کرتے ہوئے صرف 50 رنز کے عوض 8 بھارتیوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ مچل سٹارک اور سٹیو او کیف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلوی بلے بازوں نے بھارت کے 189 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 40 رنز بنا لئے ہیں اور اسے مزید 149 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 23 رنز اور میٹ رینشاء15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جو میچ کے دوسرے کھیل کا آغاز کریں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment