جمعہ, 26 اپریل 2024


افغانستان اور آئرلینڈ کی شمولیت ،بی سی سی آئی کی کُھلی مخالفت

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) بھارتی کرکٹ بورڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی مخالفت میں کھل کر سامنے آگیا اور اس حوالے سے آئی سی سی کی جانب سے بلائی گئی 2 روزہ میٹنگ میں شرکت ہی نہیں کی۔بی سی سی آئی آفیشل کی جانب سے سوال اٹھایا گیا کہ افغانستان وآئرلینڈ کوٹیسٹ اسٹیٹس دیے بغیر حصہ کیسے بنا لیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا میں دعوی کیا گیاکہ بی سی سی آئی کی جانب سے آئی سی سی کی حال ہی میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پر بلائی گئی 2 روزہ میٹنگ کو مسترد کردیا گیا جس میں تجویز پر مزید بات چیت ہونا تھی۔ بھارتی بورڈ کی جانب سے اس اقدام کا ایک مقصد آئی سی سی کی جانب سے افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ اسٹیٹس دینے میں اختیار کی جانے والی سست روی بھی ہے۔بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کس طرح 9اور3ٹیموں پر مشتمل ٹیسٹ چیمپئن شپ کا منصوبہ بنالیا،ابھی تک آئی سی سی بورڈ نے افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کی توثیق ہی نہیں کی۔
بات صرف اتنی سی ہے کہ بورڈ کے کچھ ممبرز دیگرکے موڈ کا اندازہ لگانا چاہ رہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ ایک کمزور بھارتی بورڈ ان کے راستے میں حائل نہیں ہوسکے گا۔یاد رہے کہ جب سے ٹیسٹ چیمپئن شپ کا منصوبہ سامنے آیا بھارت کسی نہ کسی بہانے اس کے آڑے آرہا ہے، پہلے یہ پلان 2013میں بھی سامنے آیا جسے رد کردیا گیا تھا، پھر اکتوبر 2016میں ٹیسٹ ٹیموں کو 2حصوں میں تقسیم کرکے ترقی اور تنزلی کی بنیاد پر 2ڈویژن میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا منصوبہ پیش کیا گیا، اس بار بھی بی سی سی آئی نے چھوٹے بورڈز کے ساتھ مل کر کوشش ناکام بنائی۔ رواں برس کے آغاز میں نئی تجویز پیش کی گئی جس میں ٹاپ 9ٹیسٹ ٹیموں اور زمبابوے کے ساتھ افغانستان اور آئرلینڈ کی شمولیت سے تین ٹیموں میں مقابلے ہونا ہیں، اسے بھارت کی مخالفت کے باوجود منظور تو کرلیا گیا مگر بی سی سی آئی اب اس کو بھی ناکام بنانے پر تلا ہوا ہے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment