ایمز ٹی وی (اسپورٹس) آئی سی سی ورلڈ کپ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرا کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔
ویلنگٹن کے ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کیریبئن بولروں کی خوب دھلائی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 393 رنز بنائے، مارٹن گپٹل نے ویسٹ انڈین بولروں کو ناکوں تلے چنے چبوا دیئے اور 152 گیندوں میں 21 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے ایک روزہ میچوں میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے کیوی بلے باز بن گئے، انہوں نے تباہ کن اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 237 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 394 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تنکے کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم 31ویں اوور میں 250 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کیریبئن بلے باز آغاز سے مشکلات کا شکار رہے اور 4 کے مجموعے پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرس گیل تھے جنہوں نے 2 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان جیسن ہولڈر 42 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔