ایمز ٹی وی (اسپورٹس) ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی نے بورڈ حکام کو بھی خواب غفلت سے جگا دیا، مستقبل میں بہتری کیلیے مختلف اقدامات پر رواں ہفتے کے اجلاس میں غور ہوگا۔
دورہ بنگلہ دیش میں قومی کرکٹ اسکواڈز کو 3 کپتانوں کا ساتھ حاصل ہوگا، ون ڈے میں قیادت صہیب مقصود کو سونپی جاسکتی ہے، اسکواڈ میں محمد حفیظ، سعید اجمل، فواد عالم اور شعیب ملک کی واپسی ہوگی، یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں، کھلاڑیوں کا انتخاب نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی، قبل از وقت فارغ کیے جانے پر معین خان و دیگر سلیکٹرز کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کا خوف بھی پی سی بی کو ستانے لگا، زرتلافی کا آپشن زیرغور مگر اس میں بھاری رقم خرچ ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق بورڈ نے یہ تاثر دیا کہ معین خان کے عہدے کی معیاد ورلڈکپ کے ساتھ ختم ہو چکی مگر درحقیقت ان سے 2 اور دیگر سلیکٹرز سے ایک سال کا معاہدہ ہوا تھا، قبل از فارغ کیے جانے پر سلیکشن کمیٹی کی جانب سے قانونی چارہ جوئی بھی خارج از امکان نہیں، ایک راستہ انھیں زرتلافی کی ادائیگی کا ہے جو بورڈ کو بہت مہنگا پڑے گا، اس مسئلے سے نکلنے کیلیے چیئرمین صلاح و مشورہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔