ایمز ٹی وی (اسپورٹس) دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کو بھارتی ٹیم کا کوچ بنائے جانے کی خبر جب سامنے آئی تو بھارتی شائقین کرکٹ نے سکھ کا سانس لیا لیکن ان یہ خوشی اس وقت برقرار نہ رہ سکی جب اس خبر کی حقیقت کھلی کہ ٹنڈولکر کوچ تو نہ بنے البتہ یکم اپریل کو وہ اور بھارتی شائقین ماموں بن گئے۔ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں کینگروز کے ہاتھوں شکست پر سارے بھارت میں ہی صف ماتم بچھ گئی اور بھارتیوں کی اپنی ٹیم کی جس بلے بازی پر گھمنڈ تھا وہی بیٹنگ آسٹریلیا کے طوفانی اسپیل کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی جس کے بعد بھارتیوں نے اپنی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا۔
ابھی سیمی فائنل میں شکست کو کچھ ہی روز گزرے تھے کہ اچانک یکم اپریل کو لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کو بھارتی ٹیم کا کوچ بنائے جانے کی خبر سامنے آئی جسے بھارتیوں نے ٹیم کی شکست کے بعد بلے بازی کے نقص دور کرنے کے لیے اہم قرار دیا تاہم بھارتیوں کی یہ خوشی زیادہ دیر تک ان کے پاس ٹھہر نہ سکی کیونکہ یہ فیصلہ بھارتی بورڈ نے نہیں کیا تھا بلکہ ایک جعلی پریس ریلیز کے ذریعے ٹنڈولکر کو کوچ بنائے جانے کی خبر چلائی گئی تھی جس کابھانڈا پھوٹنے پرنہ صرف بھارتی شائقین کو شدید دھچکا لگا بلکہ ٹنڈولکر بھی عوام کے ساتھ ساتھ ماموں بن گئے۔
واضح رہےکہ بھارتی میڈیا کو ملنے والی جعلی پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ سچن ٹنڈولکر کو 3 سال کے لیے ٹیم کا کوچ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وہ 8 اپریل سے شروع ہونے والے آئی پی ایل کے بعد ڈنکن فلیچر کی جگہ لیں گے جب کہ اس پریس ریلیز میں بی سی سی آئی صدر جگ موہن ڈالمیااور بھارتی ٹیم کےکپتان مہندراسنگھ دھونی کے تبصرے بھی موجود تھے۔