ھفتہ, 23 نومبر 2024


محمد حفیظ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کپ میں محمد حفیظ اور عابد علی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت فیڈرل ایریاز کی ٹیم نے خیبرپختونخوا کو 25 رنز سے شکست دے دی۔ فیڈرل ایریاز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا اور ان کی ٹیم نے 351 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔ اس مجموعے کا سہرا محمد حفیظ اور عابد علی کے سر رہا جنہوں نے دوسری وکٹ کیلئے 175 رنز کی شراکت قائم کی۔ فیڈرل کی جانب سے حفیظ نے 117 گیندوں پر 123، عابد علی نے 87 اور حارث سہیل نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں خیبر پختونخوا کی ٹیم 50 رنز پر اسراراللہ اور افتخار احمد سے مھروم ہو گئی لیکن پھر کپتان محمد رضوان اور عمران بڑ نے 95 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا دیا لیکن پھر دونوں کھلاڑیوں 15 رنز کے فرق سے پویلین لوٹ گئے جبکہ 179 رنز پر خیبرپختونخوا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اس مشکل مرحلے پر تجربہ کار شعیب ملک نے نبی گل کے ساتھ 64 رنز جوڑ کر ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن عماد وسیم نے 25 رنز بنانے والے نبی گل کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔ اس موقع پر پختونخوا کی ٹیم کی تمام تر امیدیں شعیب ملک سے وابستہ تھیں لیکن سہیل خان نے ان کی اننگز کا بھی خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی راہ میں حائل رکاوٹ بھی دور کردی۔ خیبر پختونخوا کی ٹیم 49اوورز میں 326 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، شعیب ملک نے 49 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رضون نے 62، عمران بٹ نے 66 اور سمیع نے اختتامی اوورز میں 25 گیندوں پر 42 رنز بنائے لیکن ان کی یہ کاوش فیڈرل کو ہرانے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی۔ فیڈرل کی جانب سے سہیل خان نے تین اور عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حفیظ کو شاندار سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment