ایمزٹی وی (اسپورٹس)چیف آپریٹنگ آفیسر ، لیثر لیگز سید اسحاق شاہ نے ڈی ایچ اے راحت اسٹیڈیم پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معروف غیرملکی فٹبالرز کی آمد سے ملک میں فٹبال کے کھیل کو نئی زندگی ملے گی اورپاکستان کے حوالے سے دنیا بھر میں مثبت تاثرجائیگا۔ نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے ان کو انٹرنیشنل سطح پر روشنا س کرایا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ یورپ بھر میں فٹبال کے میدان میں نام کمانے والے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے دورئہ پاکستان سے ملک میں اس کھیل کو ایک نیا رخ ملے گا،ان کے کامیاب دورے سے پورت عالم میں پاکستان کے حوالے سے پیدا شدہ منفی تاثر بھی دور ہوگا، انھوں نے کہاکہ انٹر نیشنل فٹبالرزاورآفیشلز کے دورئہ پاکستان کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے جائیں گے جبکہ لاہور اورکراچی میں ان کے اعزاز میں شایان شان تقریبات کا بھی انعقاد ہوگا، مزید براں اس موقع پرثقافتی شوز کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے جس کے لیے 100رکنی خصوصی دستہ بھی پاکستان پہنچ رہا ہے۔
اسحاق شاہ نے کہا کہ یورپ میں مختصر طرز کی 5 اے سائیڈ اور7 اے سائیڈ لیگ کی مقبولیت فٹبال کودوام بخش رہی ہے، ورلڈ گروپ کے تحت کی جانے والی کاوشوں سے پاکستان میں بھی اس طرز کی فٹبال کو فروغ دیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ پہلے سیزن کے دوران لیگ کو بہترین اور ابھرتے ہوئے فٹبالرز کی ایک بڑی کھیپ سامنے آئی، منتخب فٹبالرزکواپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں کھیلنے کا موقع ملے گا جبکہ فٹبال کے مداح نامور اسٹارزکواپنے درمیان پائیں گے۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ لیگ کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ درست نہیں، لیگ کا مقصد پاکستان میں فٹبال کو ترقی دینا اور فٹبالرز کی بہبود ہے، ویمن فٹبال کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ اسٹریٹ چلڈرنزکی بھی رہنمائی کریں گے، ا یک اور سوال کے جواب میں اسحاق شاہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کراچی کا قدیم علاقہ لیاری کھیلوں خاص طور پر فٹبال کا گڑھ ہے جس نے ماضی میں نامور کھلاڑی دنیا کو دیے، ورلڈ گروپ لیاری کے ٹیلنٹ کو بھی مناسب مواقع فراہم کرے گا جبکہ لیاری میں اس کھیل اور کھلاڑیوں کے حوالے سے جلد ہی ایک بہترین پیکج کا اعلان کیا جائیگا۔
واضح رہے کہ رونالڈینہو اینڈ فرینڈز کی ٹیم کیخلاف 8 جولائی کو ایدھی ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کی بلو ٹرف پر شیڈول نمائشی فلڈ لائٹ میچ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔