اتوار, 24 نومبر 2024


عرصہ دراز سے پاکستان کرکٹ ٹیم رینکنگ میں چھٹےنمبر پر

ایمزٹی وی(اسپورٹس)ون ڈے رینکنگ میں گرین شرٹس کا چھٹی پوزیشن پر قیام طویل ہوگیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے گذشتہ برس کے وسط میں انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد ایک روزہ رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر ترقی پائی تھی تب سے اب تک وہ اسی نمبر پر ہی موجود ہے، اب اس کے پوائنٹس 96 اور آگے پانچویں نمبر پر موجود آسٹریلوی ٹیم پورے 16 پوائنٹس آگے یعنی 112 پوائنٹس کی حامل ہے، اسی طرح ساتویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش پاکستان ٹیم سے 6 پوائنٹس پیچھے ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں تاریخی کامیابی نے بھارت کو ایک روزہ فارمیٹ کی بھی ٹاپ ٹیم بنا دیا،اس کے پوائنٹس کی تعداد 121 ہوچکی ہے، اگر جمعے کو شیڈول سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کامیابی بھی حاصل کرلے تب بھی پوائنٹس 119 تک پہنچ پائیں گے۔
البتہ شکست کی صورت میں پروٹیز کے سفر کا اختتام 117 پوائنٹس پر ہوگا جبکہ بھارتی پوائنٹس کی تعداد 123 تک جاپہنچے گی، اس صورت میں بھی جنوبی افریقہ کی دوسری پوزیشن وقتی طور پر تو محفوظ رہے گی، تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف آنے والی پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں اگر انگلش ٹیم کلین سوئپ کرے تو دوسری پوزیشن پر وہ فائز ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ جنوری 2013 میں پہلی بار ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچنے والی بھارتی ٹیم پانچویں مرتبہ نمبرون بنی ہے۔ دوسری جانب افغانستان نے زمبابوے سے فی الحال دسویں پوزیشن چھین لی، اسے5 میچز کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے،اس پوزیشن پر قبضہ پکا کرنے کیلیے افغان ٹیم کو لازمی طور پر سیریز اپنے نام کرنا ہوگی

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment