ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے پی ایس ایل تھری کے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 157 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اسد شفیق صرف 9 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کیون پیٹرسن نے واٹسن کے ساتھ ملکر اسکور کو آگے بڑھایا تاہم واٹسن 37 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
واٹسن کے جاتے ہی پیٹرسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے اور 21 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ رمیز راجہ جونیئر بھی صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں وہاب ریاض نے پویلین واپس بھیجا۔
ریلی روسوو اور کپتان سرفراز احمد نے 74 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو فتحیاب کروایا، روسووو 30 جب کہ سرفراز 45 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن کامران اننگز کی تیسری ہی گیند پر محمد نواز کا شکار بن گئے، وہ بغیر کوئی رنز بنائےآؤٹ ہوئے۔
محمد حفیظ نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ڈیون اسمتھ کے ساتھ 56 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران اسمتھ 33 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ حفیظ نے بھی 33 رنز کی اننگز کھیلی۔
رکی ویسل اور کپتان ڈیرین سیمی نے آختتامی اوورز میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت وہ ٹیم کو بڑا ٹوٹل دینے میں کامیاب رہے، ویسل 29 گیندوں پر 31 جب کہ ڈیرین سیمی 19 گیندوں پر 36 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔