ایمزٹی وی(اسپورٹس)یوتھ اولمپکس کے ایشین ہاکی کوالیفائرز کیلیے 9 رکنی قومی ہاکی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔ وقاص احمد کپتان اور محب اللہ نائب کپتان ہوں گے، دیگر کھلاڑیوں میں اویس ارشد گول کیپر، علی رضا، مرتضیٰ یعقوب، جنید رسول، محسن خان، ذوالقرنین، حماد انجم شامل ہیں۔ اسٹینڈ بائی پلیئرز میں محمد عبداللہ، عبدالرحمان، اویس امین، ابرار احمد شامل ہیں۔
ایونٹ کا انعقاد 25 سے 29 اپریل تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ہو گا۔ ایونٹ میں شریک 11 ٹیموں میں سے ٹاپ 2 ٹیمیں ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں 6 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک شیڈول یوتھ اولمپکس میں ایشیا کی نمائندگی کریں گی۔قومی ٹیم 22اپریل کو بنکاک کیلیے اڑان بھرے گی، انڈر18یوتھ ٹیم کے ہیڈ کوچ و سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم اولمپیئن محمد عثمان نے میڈیا سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ تمام منتخب پلیئرز اچھاکھیل پیش کرکے یوتھ اولمپکس کیلئے کو الیفائی کریں گے۔
نوجوان پلیئرزہمارا مستقبل ہیں اور پاکستان ہاکی کو بام عروج پر لے جانے کیلیے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر یں گے، انھوں نے کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی کھیل ہاکی کی ترقی کیلیے بھرپورکردارادا کررہی ہے جس کی وجہ سے قومی کھیل میں بہتری آرہی ہے، حکومت قومی کھیل ہاکی کی بھرپورسرپرستی کر ے تومستقبل قریب میں قومی ہاکی ٹیم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گی۔ پاکستان میں ہاکی کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے انتخاب کے موقع پرپلیئرزکا باریک بینی سے جائزہ لیاجائے تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان دنیا میں ہاکی کی سربلندی کیلیے اعلیٰ مقام حاصل نہ کر سکے۔ ہاکی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے عوام کو بھی گرائونڈزمیں آنا پڑے گا۔