ایمزٹی وی(اسپورٹس)زمبابوین صدر پر حملے کے بعد سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز خطرات سے دوچار ہو گئی ہے۔
پاکستان، زمبابوے اور آسٹریلیا کے مابین ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز یکم جولائی سے 8 جولائی تک ہرارے میں شیڈول ہے جبکہ زمبابوے میں 30 جولائی کو عام انتخابات ہو رہے ہیں، گزشتہ دنوں زمبابوین صدر ایمرسن منانگاگاوا پارٹی ریلی کے دوران بم دھماکے میں بال بال بچ گئے تھے۔
سیکیورٹی کی غیریقینی صورتحال پر کرکٹ آسٹریلیا گومگوں کا شکار ہے۔ ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق دورہ بدستور پلان کا حصہ ہے مگر بورڈ صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور متعلقہ اتھارٹیز سے رابطہ کیا گیا ہے، پلیئرز اور اسپورٹ اسٹاف کی حفاظت کو مقدم رکھا جائے گا۔
زمبابوین کرکٹرز اور ان کے بورڈ کے مابین معاوضوں کی عدم ادائیگی پر پہلے ہی تنازعہ چل رہا ہے، زمبابوے کے ڈکٹیٹر رابرٹ موگابے کے 37 سالہ دور اقتدار کے خاتمہ کے بعد آسٹریلوی ٹیم پہلی مرتبہ زمبابوے کا دورہ کر رہی ہے، اس تمام صورتحال کی وجہ سے ٹرائی سیریز ملتوی کیے جانے کے امکانات بھی ہیں۔