پیر, 25 نومبر 2024


سہ ملکی سیریز، پاکستان نے پہلی جیت اپنے نام کرلی

ایمزٹی وی(اسپورٹس) سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 74 رنز سے شکست دے دی۔

ہرارے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے جس کے جواب میں میزبان ٹیم 108 رنز بناسکی۔

زمبابوے کی جانب سے مسکندا 43، سولومون مائر 27 اور چکمبورا 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ 6 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز، عثمان خان شنواری، محمد حفیظ اور حسن علی نے 2،2 جب کہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر آصف علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان ہیملٹن مساکدزا نے ٹاس جیت کر پہلے گرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

 محمد حفیظ اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 13 رنز کی شراکت قائم کی تھی کہ محمد حفیظ 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز طلعت حسین بھی زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور 10 رنز بنا کر چیبھایا کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے کر چلتے بنے۔

کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے تیسری وکٹ پر 34 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 78 تک پہنچا تھا کہ کپتان ہمت ہار بیٹھے اور 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

 فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک اور آصف علی نے پانچویں وکٹ پر شاندار کھیل پیش کیا اور مقررہ اوورز کے اختتام تک ٹیم کا اسکور 182 تک پہنچایا، شعیب ملک 24 گیندوں پر 37 اور آصف علی 4 چھکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 

یاد رہے کہ زمبابوین کھلاڑیوں اور کرکٹ بورڈ کے درمیان مالی معاملات پر تنازع کے باعث سینئر کھلاڑی سہ فریقی سیریز کا حصہ نہیں جس کی وجہ سے اسکواڈ میں نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔

زمبابوین ٹیم کے کامیاب کھلاڑی برینڈن ٹیلر ٹیم میں شامل نہیں جب کہ سکندر رضا کینیڈا میں ٹی ٹوئنٹی گلوبل لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں، گریم کریمیر، سین ولیمز اور کریگ ایرون بھی سہ فریقی سیریز میں زمبابوے کی نمائندگی نہیں کر رہے۔ 

زمبابوین ٹیم کی قیادت کے فرائض ہیملٹن مساکدزا انجام دے رہے ہیں اور ٹیم کے کوچ لال چند راجپوت نے بھی حال ہی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ 

پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی سب سے بہترین ٹیم ہے جبکہ زمبابوے عالمی درجہ بندی میں 12 ویں نمبر پر ہے۔ سیریز میں شامل تیسری ٹیم آسٹریلیا بھی تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

سہ فریقی سیریز میں تینوں ٹیمیں چار چار میچز کھیلیں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 8 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment