ھفتہ, 23 نومبر 2024


دبئ ٹیسٹ میچ،کینگروز 202 رنز پر ڈھیر

دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 202 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی جس کے بعد قومی ٹیم نے فالو آن نہ کروانے کا فیصلہ کیا اور بیٹنگ جاری ہے۔

ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی اوپنرز کے سوا کوئی بلے باز نمایاں بیٹنگ نہ کرسکا اور پوری ٹیم 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد قومی ٹیم کو کینگروز پر 280 رنز کی سبقت بھی حاصل ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بلال آصف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد عباس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو ایرون فنچ 13 اور عثمان خواجہ 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم کی۔

پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ایرون فنچ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 160 تک پہنچا تو شان مارش 7 رنز بنانے کے بعد بلال آصف کا شکار بنے۔

اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ سب سے زیادہ 85، مچل مارش 12، پیٹر سڈل 10 اور کپتان ٹم پین 7 رنز بناسکے جب کہ ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبسچگنی اور مچل اسٹارک بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں محمد حفیظ اور حارث سہیل کی سنچریوں کی بدولت 482 رنز بنائے تھے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment