ھفتہ, 23 نومبر 2024


صحرا میں شاہینوں کی اونچی اڑان، نیوزیلنڈ کو وائٹ واش کردیا

دبئی: تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 47 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا،بابراعظم مین آف دی میچ جب کہ محمد حفیظ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

قومی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی میں فتوحات کا سلسلہ برقرار ہے، آسٹریلیا کو0-3 سے زیر کرنے کے بعد قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو بھی وائٹ واش کردیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی، قومی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے کیوی کپتان کین ولیمسن کے سوا کوئی  بیٹسمین جم کر نہیں کھیل سکا،  ولیمسن 60 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ اوپنر فلپس نے 26 رنز کی باری کھیلی۔ 

نیوزی لینڈ کے 8 کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہیں ہوسکے، کولن منرو 2، گرینڈ ہومے 6،چیپمین 2، ٹیلر 7سیفرت صفر،ساؤتھی صفر، فرگوسن اور رینس ایک ایک بناکر آؤٹ ہوئے  جب کہ سوڈھی 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر شاداب خان نے  سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل  کیں،عماد وسیم اور وقاص مقصود نے 2،2اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں  قومی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔ پاکستانی بلے بازوں نے پر اعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا، انِ فارم بیٹسمین بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار باری کھیلتے ہوئے 79 رنز بنائے، انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں تیز رفتار 1000 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا  جب کہ  محمد حفیظ  53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

فخر زمان  نے 11، شعیب ملک نے 19 اور آصف علی نے 2 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے  گرینڈ ہومے نے 2اور فرگوسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment