ھفتہ, 23 نومبر 2024


پاکستان کو 12 رنز سے شکست

 
 
 
 
لندن: انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 12 رنز سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح اپنے نام کرلی، سرفراز الیون نے آخری بال تک مقابلہ کیا۔
 
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین پانچ ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ ساؤتھ مپٹن میں کھیلا گیا، قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ پر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
 
انگلینڈ کے بلے باز پاکستانی گیند بازوں پر کھیل کے ابتدا سے ہی حاوی رہے اور انہوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف جم کر اسٹروک کھیلے، بارش کے باعث کھیل کو کچھ دیر کے لیے روکا بھی گیا البتہ میزبان ٹیم کے بلے بازوں نے دوبارہ گراؤنڈ میں آکر اپنی دھاگ کو قائم رکھا۔
 
انگلینڈ کو اوپننگ کا آغاز اچھا ملا اور اُن کے پہلے کھلاڑی 115 کے مجموعی اسکور اور نصف سنچری بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ 177 پر جبکہ تیسری 211 کے مجموعی اسکور پر گری۔ انگلینڈ کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو پہاڑ جیسا ہدف دیا۔
 
انگلینڈ نے پاکستان کو 374 رنز کا ہدف دیا
 
انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 373 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیا۔ جوس بٹلرنے110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جیسن رائے 87، آئن مورگن 71، بئیر سٹو 51 اور جو روٹ چالیس رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی،شاہین شاہ آفریدی اوریاسرشاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
 
قومی ٹیم کی بیٹنگ
 
پاکستان نے 374 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اوپننگ سے آغاز کیا، سرفراز الیون کی پہلی وکٹ 92 کے مجوعی اسکور پر اُس وقت گری جب امام الحق 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بعد ازاں فخر زمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بابر اعظم کے ساتھ 135 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں لائے۔
 
فخر زمان 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بابر اعظم بھی 51 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے یوں 233 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو تین کھلاڑیوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، نئے آنے والے بیٹسمین حارث سہیل زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 14 رنز بناکر واپس روانہ ہوگئے، آصف علی نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر 49 رنز کی شراکت داری بنائی اور پھر وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔
 
ایک وقت میں گیم پاکستان کے ہاتھ میں نظر آرہا تھا البتہ آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بلے باز عماد وسیم بھی 8 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے، فہیم اشرف صرف تین رنز کی اننگز کھیل سکے۔
 
مجموعی طور پر پاکستان کے نوجوان بلے بازوں نے انگلش ٹیم کوٹف ٹائم دیا، اسکور کارڈ کی بات کی جائے تو فخرزمان 138 ،بابراعظم اورآصف علی نے51،51 رنزبنائے نمایاں بلے باز رہے جبکہ کپتان سرفراز احمد 41 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
 
جہاں تک بات کی جائے تبدیلی کی تو قومی ٹیم میں محمد عامر کی جگہ یاسر شاہ کو شامل کیا گیا، ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔
 
دوسرے ون ڈے کی بھرپور تیاری کے لیے شاہینوں نے ٹھنڈے موسم میں خوب لہو گرمایا، قومی ٹیم کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی الگ الگ مشقیں ہوئیں۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ آنے والے میچز میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔
 
اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا، بارش کے سبب میچ کو 41 اوور تک محدود کیا گیا تھا تاہم بارش دوبارہ شروع ہوگئی جس کے سبب میچ کو ختم کرنا پڑا۔ پاکستان نے 19 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے۔
 
مذکورہ دورے میں کارڈف میں کھیلے گئے واحد ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، اب دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کھیلی جارہی ہے۔
 
اب تک ہونے والے باہمی ون ڈے مقابلوں میں میزبان کا پلڑا بھاری رہا ہے، پاکستانی ٹیم 82 میچز میں 31 فتوحات حاصل کر پائی جبکہ انگلینڈ کو 49 میں فتح نصیب ہوئی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment