انگلینڈ کے کپتان آوئن مورگن نے ورلڈکپ میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میں اللہ ہمارے ساتھ تھا۔
ورلڈ چیمپئن بننے کے بعد جب انگلش کپتان پریس کانفرنس کیلئے آئے تو ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے آوئن مورگن نے کہا کہ اللہ بھی ہمارے ساتھ تھا، میچ کے دوران میں نے لیگ اسپنر عادل رشید سے پوچھا تو اس نے کہا کہ اللہ یقینی طور پر ہمارے ساتھ ہے تو میں نے کہا کہ ہمیں “رَب آف گرین” بھی ملا۔
اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں ہر رنگ، نسل اور عقیدے کے لوگ شامل ہیں جنہوں نے اپنے عقائد کے مطابق مجھے یہ بات کہی۔ خیال رہے انگلش کپتان اوئن مورگن کا تعلق آئرلینڈ سے ہے، بین اسٹوکس نیوزی لینڈ، معین علی اور عادل رشید پاکستانی نژاد ہیں جب کہ جوفرا آرچر کا تعلق ویسٹ انڈیز سے ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کے اس بیان کو شائقین بالخصوص مسلمانوں کی طرف سے خاصا سراہا گیا ہے، انگلش کپتان کا مزید کہنا تھا کہ سپر اوور کے دوران میں نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اس مشکل گھڑی سے لطف اندوز ہونے کا مشورہ دیا۔
واضح رہے کرکٹ میں ’رب آف گرین‘ ایک اصطلاح ہے، جب گیند کسی دوسری قوت سے ٹکرا کر اپنا رخ موڑ لے تو اسے رب آف گرین کہا جاتا ہے اور ورلڈکپ فائنل کے آخری اوور میں گیند بین اسٹروکس سے ٹکرا کر باؤنڈری پر چلی گئی تھی جس سے انگلینڈ کو 4 رنز اضافی ملے جس نے ان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا