کولمبو: انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپیئن بھارت نے 106 رنز پر ڈھیر ہونے کے باوجود بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں باؤلرز کا راج رہا اور ابرآلود موسم میں دونوں ٹیموں کے بلے باز مجموعی طور پر صرف 207رنز بنا سکے۔ بھارت کی ٹیم نے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور صرف 8 رنز پر اس کے تین ابتدائی بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر کپتان دھروو جوریل نے ششوات راوت کے ساتھ مل کر میچ کی سب سے بڑی 45رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس شراکت کے اختتام کے ساتھ ہی ایک مرتبہ پھر بھارتی ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ دھروو 33 اور ششوات 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ایک موقع پر بھارتی ٹیم 62 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی لیکن اس مرحلے پر کرن لال ڈٹ گئے۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن اس کے باوجود بھارتی ٹیم 33ویں اوور میں 106رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شمیم حسین اور مریتن جوئے چوہدری نے تین، تین وکٹیں لیں۔ بھارتی ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم بھی صرف 16رنز پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی جس کے بعد اکبر علی اور شہادت حسین نے مل کر اسکور 40 تک پہنچایا لیکن پھر شہادت حسین کے بعد شمیم حسین بھی پویلین لوٹ گئے۔ مریتن جوئے چوہدری اور کپتان اکبر علی نے 27رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 78 تک پہنچایا ہی تھا کہ دونوں بلے باز تین گیندوں کے فرق سے پویلین لوٹ گئے۔ لو اسکورنگ میچ میں تنظیم حسن ساکب اور راکب الحسن نے نویں وکٹ کے لیے 23 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا لیکن انکولیکر نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کراتے ہوئے انڈر19 چیمپیئن بنوا دیا۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 101 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کپتان اکبر 21 اور کریتن جوئے 21 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ بھارت کی جانب سے اتھروا انکولیکر نے پانچ وکٹیں لیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز لے اڑے۔