کولمبو: سری لنکا کی جانب سے دورہ پاکستان کیلیے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ کو دورہ پاکستان کیلیے حکومتی کلیئرنس کا انتظار ہے،البتہ اس نے اپنی تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوا ہے، اس سلسلے میں گذشتہ روز ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ میں رمیش رتنائیکے کو بطور عبوری ہیڈ کوچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔
ورلڈ کپ کے بعد وزارت کھیل کے حکم پر سری لنکن بورڈ نے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھورا سنگھے کو ازخود مستعفی ہونے پر راضی کرنا چاہا تھا مگر وہ نہیں مانے، ان کا ابھی آئندہ برس کے اختتام تک کا کنٹریکٹ باقی اور وہ کسی صورت اس سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں ہیں، اس لیے انھیں فی الحال معطل کردیا گیا،ان کے خلاف قانونی جواز ڈھونڈنے کیلیے انکوائری بھی شروع ہوگئی،مگروہ بدستور اپنے آفس آ رہے اور کوئی کام نہ کرنے کے باوجود ماہانہ 40 ہزار ڈالر بھی وصول کررہے ہیں۔
میگا ایونٹ کے بعد بنگلہ دیش کیخلاف ون ڈے سیریز میں سری لنکن ٹیم کی کوچنگ ہتھورا سنگھے کے ہی ہاتھ میں تھی، جس میں ٹیم کو 3-0 سے فتح حاصل ہوئی،مگر فاسٹ بولنگ کوچ رتنائیکے کو نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز کیلیے عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا، ان کی رہنمائی میں ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہوئی جبکہ ٹوئنٹی 20 میں آئی لینڈرز کو 1-2 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔