لاہور میں ٹی 20 میلہ سج گیا، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آج قذافی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، میچ شام 6 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کیلئے دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز بھرپور ٹریننگ سیشن کیا اور کھلاڑی بیٹنگ اور باؤلنگ کے علاوہ فیلڈنگ کی بہتری کیلئے بھی جان مارتے دکھائی دئیے۔
ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد قومی کپتان سرفراز احمد کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بھرپور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اتر کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔ سری لنکا کیخلاف 13 میں سے آٹھ میچز جیتنے کا ریکارڈ رکھنے والی قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں آنے والے عرصے میں تسلسل کے ساتھ شارٹ فارمیٹ کے میچز کھیلنا ہیں جس کے پیش نظر اسکواڈ میں تین، چار کھلاڑیوں کا کم بیک ہوا ہے جن میں احمد شہزاد اور عمر اکمل بھی شامل ہیں جو اپنے بہتر کھیل سے کامیابی دلا سکتے ہیں اور ان سے کافی توقعات بھی ہیں کہ وہ اس موقع کا پورا فائدہ اٹھائیں گے۔
سری لنکن کپتان داسون شناکا کا کہنا تھا کہ وہ 2017 میں بھی لاہور آکر ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیل چکے ہیں اور انہیں اس ملک میں جتنا پیار ملا ہے اس کے باعث وہ آئندہ بھی موقع ملنے پر یہاں آنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سینئر سری لنکن پلیئرز کے ٹور پر نہ آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ وہ وطن واپسی پر انہیں پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے پر راضی کریں گے کیونکہ انہیں یہاں بہترین سکیورٹی فراہم کی گئی ہے جس کیلئے وہ پی سی بی کے شکر گزار ہیں۔