برسبین: قومی کرکٹ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی کی صلاحیتیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور پانچ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اب پاکستان ٹیم برسبین سے ایڈیلیڈ پہنچ چکی ہے جہاں وہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے کھیلے گی۔
ٹیم پرفارمنس کے حوالےسےکپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور کسی کھلاڑی کی صلاحیت پر شک نہیں ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں جو خامیاں رہیں ان پر دوسرے میچ میں قابو پائیں گے۔
بابر اعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اظہر علی نےکہا کہ بابراعظم ہر فارمیٹ میں اچھا کھیل رہے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں اب ان سے اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کرانا چاہتے ہیں، بابر کا بیٹنگ آرڈر میں نمبر اس وقت تبدیل کیا گیا جب وہ پرفارم نہیں کر رہے تھے۔
اظہر علی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کی اننگز کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رضوان نے دلیرانہ اننگز کھیلی ہے، ان کی اننگز ہم سب کے لیے مثال ہے۔
علاوہ ازیں برسبین ٹیسٹ میں ڈیبیو دینے والے فاسٹ بولر نسیم شاہ سے متعلق کپتان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ نے سب کی توجہ حاصل کی ہے، ان کو ابھی بہت احتیاط سے لے کر آگے بڑھنا ہو گا، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی باصلاحیت بولرز ہیں۔