جمعہ, 22 نومبر 2024


پاکستان کرکٹ اوپنرزکا شاندارکارنامہ،سینچریزکانیاریکارڈ

کراچی: سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے ابتدائی 4 بلے بازوں نے سنچریاں بنا کر  تاریخ رقم کردی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے چاروں ابتدائی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سنچریاں بنانے کا کارنامہ سرانجام دیا۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر عابد علی، شان مسعود، کپتان اظہر علی اور بابر اعظم نے لگاتار سنچریاں بنا کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔

قومی ٹیم کے اوپنرز شان مسعود اور عابد علی نے 278 رنز کی شراکت قائم کی تھی جب کہ  اظہر علی نے 142 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی جو ان کے کیرئیر کی تیز ترین سنچری ہے۔

علاوہ ازیں بابر اعظم نے اظہر علی کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے اپنی سنچری بھی بنائی۔ 

شان مسعود 135، عابد علی 174 اور اظہر علی 118 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 100 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل بھارت کے ابتدائی چار کھلاڑیوں نے 2007 میں بنگلا دیش کے خلاف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ بھارت کی جانب سے وسیم جعفر، دنیش کارتک، راہول ڈریوڈ اور سچن ٹنڈولکر نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔

خیال رہے کہ ایک اننگز میں پاکستان کی جانب سے چار سنچریاں پانچوں بار اسکور ہوئی ہیں لیکن یہ چار سنچریاں ٹاپ فور بلے بازوں نے نہیں بلکہ مختلف پوزیشن پر کھیلنے والے کھلاڑیوں نے بنائی تھیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment