کراچی: کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 263 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو فتح کے لیے صرف 3 وکٹیں درکار تھیں جبکہ سری لنکا کے ٹیل اینڈرز کو 264 رنز کے پہاڑ کو عبور کرنا تھا۔ لیکن کھیل کے آغاز پر ہی سری لنکا کے تینوں کھلاڑی مجموعے میں کوئی اضافہ کیے بغیر 212 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
نسیم شاہ نے پہلی ہی گیند پر ایمبل ڈینیا کو صفر پر آؤٹ کردیا جس کے بعد یاسر شاہ نے سنچری میکر اوپنر اوشاڈا فرنینڈو کو کیچ آؤٹ کیا جس کے بعد وشوا فرنینڈو بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
عابد علی نے مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔ نسیم شاہ نے دوسری اننگ میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کے نتیجے میں وہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔
یاسر شاہ نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس ،شاہین آفریدی،اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے 13 برس بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ جیتاہے اور آخری میچ 2006 میں جیتا تھا۔
اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا میچ کم روشنی، بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث کسی نتیجے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔