جمعہ, 22 نومبر 2024


میں حوصلہ افزائی کرنے پرمداحوں کاشکرگزار ہوں

کراچی: کپتانوں نے اگلی پی ایس ایل میں مزید غیرملکی کرکٹرز شامل ہونے کی امید ظاہر کر دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد نے کہاکہ ذہن میں ایسی کوئی بات نہیں کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے مجھے ٹیم سے نکالا کو شش ہوگی اچھا پرفارم کر کے پاکستان ٹیم میں واپس آؤں،امید ہے کہ لیگ میں اچھے میچزکھیلے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے شین واٹسن کو راضی کیا کہ پاکستان آکر کھیلیں، امید ہے کہ اگلے سال مزید غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کا رخ کریں گے، انھوں نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑی شائقین کے رویے سے بہت خوش ہیں، پاکستان نہ آنے والے باہر بیٹھ کرکہہ رہے ہیں کہ حالات خراب ہیں پاکستان آکر کھیلنے والے غیرملکی کرکٹرز حالات بہتر جانتے ہیں۔سرفراز نے کہا کہ میں حوصلہ افزائی کرنے پرمداحوں کا شکرگزار ہوں،ویوین رچرڈزمینٹور ہونے کے ناطے بہت سپورٹ کرتے ہیں،واٹسن کا تجربہ بھی کام آئے گا،امید ہے کہ لیگ میں ہائی اسکورنگ میچز ہوں گے اوراچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ شائقین کرکٹ سے گزارش ہے وہ ٹکٹ خریدیں اور میچ دیکھنے کے لیے آئیں،ہم دفاعی چیمپئن ہیں،دباؤکے باوجود اعزاز کا دفاع کرنے کی کوشش کریں گے، انھوں نے کہا کہ نسیم شاہ فٹ ہوئے توضرور کھیلیں گے، شائقین کا ملکی اور غیرملکی کرکٹرز کو سپورٹ کرنا خوش آئند ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے کہا کہ انگرام جیسے سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز ہے، دباؤ ہرکھیل میں ہوتا ہے،فاسٹ بولر ڈیل اسٹین اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں، انھوں نے کہا کہ میری ٹیم کے غیر ملکی کھلاڑی بہت خوش ہیں،ہم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے،ہمیں ابتدائی تین میچز میں ڈیل اسٹین کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا۔شاداب نے کہا کہ میں نے ڈیبیو سرفراز کی کپتانی میں کیا تھا اور قومی ٹیم میں ان کی کمی محسوس کرتا ہوں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment