لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ تمام کھلاڑی اور ملازمین کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں مالی امداد کے ذریعے حکومتی ایمرجنسی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے عطیہ کریں گے، پی سی بی کے سینئر منیجر کے عہدے تک کے ملازمین اپنی ماہوار تنخواہ میں سے ایک روز جبکہ جنرل منیجر اور اس سے بڑے عہدے پر موجود ملازمین 2 روز کی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کریں گے۔
پی سی بی تمام عطیات اکٹھا کرکے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ فنڈ میں دے گا۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہماری صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے علاوہ ہیلتھ ورکرز کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کی صحت اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں، دعا ہے کہ معاشرہ جلد معمول کے مطابق چل سکے، کرونا وائرس کے سبب حکومت کا ساتھ دینے کے لیے ہم نے یہ چھوٹی سی کاوش کی ہے۔
احسان مانی نے کہا کہ یقین ہے کہ ہمارے معاشرے کے مخیر حضرات کی طرح پی سی بی کے کئی ملازمین اور کرکٹرز اپنے طور پر حکومتی فنڈ اور دیگر خیراتی اداروں میں عطیات دے رہے ہوں گے اور یہ تمام افراد یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔
احسان مانی نے کہا کہ ایک قوم کی کامیابی کا اندازہ مشکل حالات میں اس کے اتحاد سے لگایا جاتا ہے اور اس مشکل وقت میں ہم سب کو ایک ہوکر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔