ایمز ٹی وی (اسپورٹس) ہاکی اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کے اہم میچ میں آئرلینڈ نےپاکستان کو ایک صفر سے شکست دے کر اولمپکس سے باہر کردیا۔ پاکستان اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں ناقص منصوبہ بندی اور خراب فٹنس کے سبب ناکام رہا۔ گرین شرٹس نے اولمپکس میں کوالیفائی کا آخری چانس بھی گنوادیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے اولمپکس سے باہر ہونے پر قوم سے معافی مانگ لی ہے
ہاکی اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کے کراس اوور میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو ایک صفر سے شکست دے دی۔اس شکست کے بعد تاریخ میں پہلی بار قومی ہاکی ٹیم اولمپکس سے باہر ہوگئی ہے۔آئرلینڈ نے کھیل کے آغاز سے ہی گیند پر کنٹرول رکھا، پاکستانی کھلاڑیوں نے کوششیں کیں لیکن ناکام رہےاور پینلٹی کارنر کے مواقع بھی ضائع کردیئے۔
ایونٹ میں بھارت اور فرانس سے ڈرا میچز کھیلنا پاکستان ٹیم کے لئے درد سر بنا۔ برطانیہ سے شکست نے براہ راست کوالیفائی کا چانس بھی کھو دیا اور ائرلینڈ کے خلاف مواقع کھونا اولمپکس سے باہر ہونے کا سبب بنا۔ صورتحال کا بھرپور انداز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آئرش ٹیم نےگیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، پاکستان کو اب ساتویں پوزیشن کا میچ کھیلنا پڑ رہا ہے، جس میں جیت بھی ریو اولمپکس کا دروازہ نہیں کھول سکے گی۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے اولمپکس دوہزار سولہ سے باہر ہونے پر قوم سے معافی مانگ لی ہے, پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران کا کہنا ہے کہ پورے ایونٹ میں کھلاڑیوں کی یہی کوشش تھی کہ ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلا جائے۔
آئرلینڈ کیخلاف شکست کے بعد پوری ٹیم افسردہ، میچ کے دوران گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن ضائع ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ شکست کی ذمہ دار فرد واحد کو ٹھہرانا درست نہیں ہوگا۔ ریو اولمپکس سے باہر ہونے پر بطور کپتان پوری قوم سے معافی مانگتا ہوں