دبئی: شاہینوں کا خوف کیویزکےاعصاب پرسوارہونےلگا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے راولپنڈی میں پہلے ون ڈے میچ سے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی تھریٹ کو جواز بناکر دورہ پاکستان ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا، جس سے پاکستانی کرکٹ کو بہت زیادہ نقصان پہنچا، اگرچہ نیوزی لینڈ کا بورڈ اپنے فیصلے پر چپ سادھے بیٹھ گیا مگرکیویز کو گرین شرٹس کی جانب سے میدان میں سخت جواب ملنے کا خوف ستانے لگا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی گروپ اے میں ہی موجود ہے جہاں پر اس کے مدمقابل سابق چیمپئنز پاکستان اور بھارت آئیں گے۔
کیویز کا پہلے 26 اکتوبر کو پاکستان سے شارجہ میں سامنا ہوگا، جس کا درجہ حرارت پہلے سے ہی بلند ہونے کی پیشگوئی کردی گئی ہے، پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کھلاڑیوں کو ہدایت کرچکے کہ وہ ورلڈ کپ میں کیویز کو عمدہ کھیل سے ان کی حرکت کا جواب دیں۔
نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ بھی اس حوالے سے محتاط تاہم معاملے کی شدت کو کم کرنے کی کوشش میں بھی مصروف ہیں، یواے ای آمد کے بعد ورچوئل میڈیا کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ ہمارے ٹور ختم کرنے کے حوالے سے ابھی تک تناؤ موجود ہے، جو کچھ پاکستان میں ہوا اس پر مجھے بھی بہت افسوس ہے۔
ان کے پلیئرز کے ساتھ ہمارے کھلاڑی بھی میگا ایونٹ کی تیاریوں کے موقع سے محروم ہوئے، ہم ماضی کو تبدیل نہیں کرسکتے، اب صرف ٹورنامنٹ کی تیاری ہی ممکن ہے، ہمارا پہلے سامنا پاکستان سے ہوگا، مجھے یقین ہے کہ ایک دلچسپ مقابلہ ہونا ہے، ویسے بھی ہمارے گرین شرٹس کے ساتھ میچز ہمیشہ ہی زبردست ہوتے ہیں، یہ بھی ان سے مختلف نہیں ہوگا۔ اسٹیڈ نے میگا ایونٹ کے میزبان وینیوز کی کنڈیشنز کے حوالے سے کہا کہ ہم اس حوالے سے کافی محتاط ہیں،آئی پی ایل میچز کو دیکھتے ہوئے حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔