لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ حکام نےایشیاکپ کےانعقادکیلئےسری لنکاکی حمایت کرنےکافیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ایشیا کپ سری لنکا میں ہی ہو، آسٹریلیا کی کامیاب سیریز کے بعد اب ہماری ٹیم بھی سری لنکا میں موجود ہے، تاہم ٹورنامنٹ کے وینیو کا حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کو کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) حکام سے بات ہوئی ہے، وہ صورتحال کا جائزہ لے رہے، ان کا ہر فیصلہ قبول کریں گے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین کا کہنا تھا کہ چیئرمین رمیز راجا کے ہمراہ آئندہ ہفتے آئی سی سی کی سالانہ جنرل کونسل کے اجلاس میں شرکت کروں گا، یہ اجلاس آئندہ 8 سالہ فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کی تیاری کے لیے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں فرنچائز ٹی20 لیگز بڑھنے سے انٹرنیشنل کرکٹ کیلنڈر شدید متاثر ہورہا ہے، اس معاملے پر پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ایک مجوزہ پلان بھیج چکا ہے۔
اجلاس کی سائیڈ لائنز پر کرکٹ آسٹریلیا، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور سری لنکا کرکٹ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس میں فور نیشن اور ٹرائی نیشن ٹورنامنٹس کے ایجنڈے زیر غور ہوں گے۔