جمعہ, 22 نومبر 2024


پی ایس ایل 8کےلیے سیکیورٹی کے انتظامات تقریباً مکمل

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کےلیے سیکیورٹی کے انتظامات تقریبا مکمل کرلیے گئے۔

تین بڑے شہروں میں کھیلے جانےوالے میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں اور میچ آفیشلز کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے دیا گیا جبکہ غیر ملکی کمنٹیٹرز، عمائدین، و پروڈیکشن اسٹاف کو وی آئی پی کا درجہ دیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 8 کے انعقاد کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی پنجاب، ایڈیشل آئی جی آپریشن پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت راولپنڈی، ملتان کے ریجنل و سٹی پولیس افسران کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے سیکورٹی حصار تشکیل دیکر سخت ترین حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

انٹیلی جنس ایجنسیوں، فوج اور رینجرز کے ساتھ کوارڈینیشن رکھ کر کھلاڑیوں و آفیشلز کو ایئرپورٹ اور اسٹیڈیم کے درمیان قیام اور نقل و حرکت کے دوران بھی فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں داخل ہونے والی بسوں اور ٹرکوں سمیت تمام گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جائے، پولیس اور سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی کے دوران اپنے نام کے ٹیگ و سیکیورٹی کارڈ لازمی آویزں رکھیں ورکشاپس، پیٹرول پمپس، بس اسٹاپ، بس اور ٹرک اڈوں پارکنگ اسٹینڈز، پبلک پارکنگ ایریاز، پارکنگ پلازہ اور دیگر ایسی جگہوں کی مکمل اسکریننگ کی جائے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں نمٹنے و کراؤڈ کو کنٹرول کرنے کی خاطر مختلف مقامات پر اینٹی رائٹس فورس تعینات رکھی جائے اور ٹورنامنٹ کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات یقینی بنائیں جائیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment